ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل: بی جے پی حکومت نےساحلی کرناٹکا کے ماہی گیروں کے ساتھ کیا ہے دھوکہ : کانگریس لیڈر آئیون ڈیسوزا کا الزام

بھٹکل: بی جے پی حکومت نےساحلی کرناٹکا کے ماہی گیروں کے ساتھ کیا ہے دھوکہ : کانگریس لیڈر آئیون ڈیسوزا کا الزام

Wed, 14 Dec 2022 20:56:27    S.O. News Service

بھٹکل:14؍ دسمبر(ایس اؤ نیوز )ریاست میں برسراقتدار بی جے پی حکومت نے ساحلی کرناٹک کے ماہی گیروں کو دھوکہ دیا ہے۔ یہاں کےماہی گیروں کےمسائل کو حزب مخالف لیڈر سدرامیا کے توسط سے  بیلگام میں ہونے والے اگلے ودھان سبھا اجلاس میں اٹھایا جائےگا۔ کے پی سی سی کے ترجمان اور اترکنڑا ضلع کانگریس کے نگراں کار آئیون ڈیسوزا نے ان خیالات کااظہار کیا۔

وہ یہاں بدھ کو بھٹکل میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بات کررہےتھے۔ انہوں نےکہاکہ ساحلی کرناٹکا میں 10ہزار سے زائد خاندان ماہی گیری پر انحصار کرتےہیں اور بی جےپی ماہی گیروں کو ووٹ بینک  کےلئےاستعمال کرنے کےبعد انہیں نظر انداز کررہی ہے۔ بی جےپی کے وزراء ہوں یا ارکان اسمبلی ، کوئی بھی مشکلات میں گھرے ماہی گیروں کے مسائل سننےکو تیار نہیں ہے۔

آئیون ڈیسوزا نے بتایا کہ بی جے پی حکومت نے ایک ایسے فرد کوماہی گیری بورڈ کا صدر بنایا ہے، جس کوماہی گیری سےکوئی تعلق ہی نہیں ہے اور نہ ہی اُسے کوئی شعور ہے۔ سدرامیا کی حکومت ماہی گیروں کوجتنا مٹی کا تیل فراہم کرتی تھی آج بھی اتنا ہی تیل دیاجارہا ہے۔ کانگریس کا مطالبہ ہےکہ ماہی گیر کشتیوں کو 500لیٹر مٹی کا تیل دیاجائے۔ ساحلی علاقےکی ڈیزل کشتیوں کی کہانی بھی ایسی ہی ہے۔ منگلورو کاماہی گیر علاقہ خستہ ہوکر انہدام کےقریب پہنچ گیا ہے لیکن حکومت ابھی تک کوئی معاوضہ یا مدد دینےکو تیار نہیں ہے۔ ماہی گیروں کےنام پر بیدر اور بیلگام جیسے علاقوں میں گھروں کی تقسیم کی جارہی ہے لیکن جہاں اصل میں ماہی گیر رہتے ہیں یعنی ساحلی علاقےکے ودھان سبھا حلقوں کو 15-25 کی تعداد میں گھر دئیے گئےہیں۔ ایسا کیوں کیاگیا ہے ، کسی کےپا س کوئی جواب نہیں ہے۔

ایون ڈیسوزا نے بی جےپی پر الزام لگایا کہ وہ ماہی گیروں کو صرف ووٹ بینک کےلئےاستعمال کرتی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر  بندرگاہوں کی ترقی یا ماہی گیروں کو کوئی سہولت بخشی ہے تو اس تعلق سےقرطاس ابیض جاری کیا جائے۔ ڈیسوزا نے بتایا کہ  ماہی گیر تنظیموں نےمتحد ہوکر بنگلورو میں حزب مخالف لیڈر سدرامیا سےملاقات کرتےہوئے میمورنڈم پیش کیا ہے اوراپنے مسائل کو بیلگام کے اجلاس میں اُٹھانے کی درخواست کی ہے۔

خون کے قطرے قطرے کو انصاف دلانے کا دعویٰ کرنے والے ہیگڈے کہاں ہیں؟:کانگریس لیڈر آئیون ڈیسوزا نے سوال کیا کہ اترکینرا کےرکن پارلیمان اننت کمار ہیگڈے نے ہوناور میں پریش میستا کی موت پر کہاتھا کہ خون کے ایک ایک قطرےکےلئے انصاف دلایاجائےگا۔ اب سی بی آئی کی رپورٹ آگئی  ہے تو وہ کہاں ہیں۔

 بھٹکل بلاک کانگریس صدر وینکٹیش نائک، ضلع کانگریس اقلیتی سیل کے صدر عبدالمجید ، سابق صدر وٹھل نائک، مہیلا کانگریس صدر نینا نائک، جئےلکشمی گونڈا، فرزانہ،  شائنہ وغیرہ موجود تھے۔

 


Share: